28 جنوری 2014 - 20:30
بحرین: قومی علماء کونسل تحلیل کر دی گئی

بحرین میں آل خلیفہ حکومت نے عدلیہ کے ایک حکم کے بعد قومی علماء کونسل کو تحلیل کردیا ہے

ابنا: بحرین کی ایک عدالت نے آج علماء کونسل کو تحلیل کرنے اور اس کے تمام اموال ضبط کرلینے کا حکم جاری کیا ہے۔  یہ کونسل بحرین کی سب سے بڑی عوامی اور شیعہ تنظیم ہے جس نے بحرینی عوام کے انقلاب کے آ‏غاز سے ہی اس ملک کی ظالم حکومت کے خلاف عوام کی بیداری کی تحریک کی رہنمائی کی ہے۔   بحرین کے قومی جمہوری محاذ کے ایک سینئر رکن نے اس ملک میں آل خلیفہ حکومت کے ظالمانہ اقدامات جاری رہنے کی خبر دی ہے ۔ بحرین کے قومی جمہوری محاذ کے سینئر رکن نے آج العالم ٹیلیویژن چينل کے ساتھ گفتگو میں، اس ملک کی مسلم علماء کونسل کو تحلیل کرنے کے لئے آل خلیفہ حکومت کی ظالمانہ کاروائیوں کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام ، بحرین کے حریت پسندوں ،جمہوریت کے حامی اور مذہبی آزادیوں کا سر کچلنے اور انکو سبوتاژ کرنے کی پالیسیوں کاایک حصہ ہے ۔ بحرین کے قومی جمہوری محاذ کے سینئر رکن نے اسی طرح ملت بحرین کے مقام ومنزلت کو بلند کرنے اور اس کے خلاف مزاحمت جاری رکھنے کے لئے اس ملک کی علماء کونسل کی سرگرمیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کونسل کو ، جو عوام کے درد و رنج سے آشنا ہے ، تحلیل کئے جانے سے بحرین کے قومی مذاکرات کے عمل کو نقصان پہنچے گا۔ دوسری جانب بحرین کی جمعیت الوفاق ملی  نے بھی آل خلیفہ سیکیورٹی فورسز کے حملوں اور المعامیر کے علاقے میں سرگرم کارکنوں کی گرفتاری پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ آل خلیفہ کی سیکیورٹی فورسز نے گذشتہ روز المعامیر کے علاقے پر ایک آپریشن کے دوران عام شہریوں کے گھروں کو محاصرے میں لے کر اس علاقے سے 12  افراد کو گرفتار کرلیا۔ اس دوران فضا میں سیکیورٹی فورسز کے ہیلی کاپٹر بھی منڈلاتے رہے۔

 بحرین: علماء کونسل پر پابندی کا اعلان، عوام کا مرکزی دفتر میں رش  بحرینی حکومت کی جانب سے قومی علماء کونسل کو تحلیل کئے جانے کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد ملک کے مختلف مقامات سے قومی علماء کونسل کے مرکزی دفتر پہنچنا شروع ہو گئی ہے۔ قومی علماء کونسل کے مرکزی رہنما شیخ محمد خجستہ نے کہا ہے کہ یہ کونسل ایک ایسا اسلامی ادارہ ہے جس کے اہداف بالکل واضح ہیں۔ یہ ادارہ کبھی ڈھکا چھپا کام انجام نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ اس ادارے کا بنیادی ہدف اسلامی تشخص کو برقرار رکھنا اور معاشرے میں اسلامی وحدت کے پیغام کو اجاگر کرنا، اسلامی تعلیمات سے لوگوں کو آشنا کرنا اور خداوند متعال کی جانب لوگوں کو دعوت دینا ہے۔ علماء کونسل کی رابطہ کمیٹی نے بھی آل خلیفہ کے اس ظالمانہ اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔ واضح رہے کہ آج بحرین کی عدالت نے ملک کی سب سے بڑی علماء کونسل پر پابندی عائد کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے تمام تر املاک ضبط کرنے اور بینک اکاونٹس سیز کرنے کا حکم جاری کیا تھا جس کے بعد بحرینی عوام کی بڑی تعداد شدید غم و غصہ میں کونسل کے مرکزی دفتر پہنچنا شروع ہو گئی ہے۔

.....

/169